پی پی 27 جہلم، انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی

پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 27 جہلم کے ریٹرننگ افسر نے ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فواد چودھری اور غلام سرور خان کو شوکاز نوٹسز جاری کیے ہیں۔ نوٹس ریٹرننگ افسر خورشید عالم نے مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ پر جاری کیے ہیں جس کے مطابق کھیوڑہ پنڈ دادن خان انتخابی حلقہ پی پی 27 میں ایم این ایز، ایم پی ایز اور وزراء کا دورہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ دورے کے دوران انتخاب میں حصہ لینے والا امیدوار بھی وزراء کے ہمراہ موجود تھا، عوامی اجتماع میں ترقیاتی کام شروع کرنے کے اعلانات کیے گئے اور حلقے کا دورہ کرکے انتخابی مہم میں حصہ لیا گیا۔ نوٹس میں آر او نے دونوں وزراء کو 9 اکتوبر کو ذاتی حیثیت یا وکیل کے ذریعے وضاحت پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی امیدوار کے ساتھ انتخابی مہم چلانے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وضاحت دیں، اگر وضاحت نہ دی گئی تو معاملہ مزید کارروائی کے لئے الیکشن کمیشن کے سپرد کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ پی پی 27 سمیت ملک بھر میں 14 اکتوبر کو ضمنی الیکشن منعقد ہو رہے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں مصنف سے زیادہ

%d bloggers like this: