چیئرمین نیب کی قائمہ کمیٹی قانون وانصاف کے اجلاس میں شرکت سے معذرت

چیئرمین نیب : چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے اجلاس میں شرکت سے معذرت کرلی ہے، انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ میری پہلے سے میٹنگ اور مصروفیات طے تھیں، اس لئے اجلاس میں شرکت نہیں کرسکتا، کمیٹی میں پیش ہونے کے لئے مناسب وقت دیا جائے۔بعد ازاں قائمہ کمیٹی برائے قانون وانصاف کے چیئرمین چودھری محمد اشرف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب آج کمیٹی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے ، چیئرمین نیب 22 مئی کو کمیٹی اجلاس میں پیش ہوں گے ۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کے نوید قمر اور شگفتہ جمانی نے کمیٹی کی رکنیت سے استعفے دے دیئے ہیں ، انہوں نے اپنے استعفے اسپیکر قومی اسمبلی کو جمع کرادیئے ہیں۔ انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ پارلیمنٹ اداروں کو کمزور نہیں مضبوط کرتی ہے، چیئرمین نیب کی طلبی ادارے کے کام میں مداخلت کے مترادف ہے، اس اقدام سے نیب کمزور ہوگی۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو نواز شریف پر 4.9 ارب ڈالر بھارت بھجوانے کے الزام کی تحقیقات کی وضاحت کے لئے طلب کیا تھا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریںمصنف سے زیادہ

%d bloggers like this: