نواز شریف کی لندن سے وطن واپسی،کل احتساب عدالت میں پیش ہوں گے

سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے کی جانے والی تمام افواہیں دم توڑ گئیں اور اب مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کل احتساب عدالت میں پیش ہوں گے ان پر نیب کے تین ریفرنسز میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔ نواز شریف اہلیہ کلثوم نواز کی عیادت کے لئے لندن گئے تھے اس سے قبل بھی وہ احتساب عدالت میں پیشی کے لئے لندن سے وطن واپس پہنچے تھے۔ احتساب عدالت نے 9 اکتوبر کو سماعت کے دوران قومی احتساب بیورو کے تین ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر پر فرد جرم کے لئے 13 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی تھی جب کہ عدالت نے حسن اور حسین نواز کا مقدمہ الگ کردیا۔ سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے ہیں جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہے۔ نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن، حسین ، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ملزم ٹھہرایا ہے۔ العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نیب ریفرنس کا سامنا کرنے کے لئے 2 مرتبہ 26 ستمبراور 2 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے تھے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں مصنف سے زیادہ

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.